ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ماں کی ممتا کا دردناک منظر،بوڑھی اور لاچار ماں چار دن تک اپنے بیٹے کی نعش کے ساتھ بیٹھی رہی!

ماں کی ممتا کا دردناک منظر،بوڑھی اور لاچار ماں چار دن تک اپنے بیٹے کی نعش کے ساتھ بیٹھی رہی!

Mon, 10 Jul 2017 20:01:43  SO Admin   S.O. News Service

انکولہ 10/جولائی (ایس او نیوز) ماں کی ممتا کا ایک عجیب اور دردناک منظر ضلع شمالی کینرا کے انکولہ میں سامنے آیا جسے دیکھ کر مقامی لوگوں اورپولیس کی آنکھوں سے بے اختیار آنسو جاری ہوگئے۔

 ذرائع سے ملنے والی خبر کے مطابق آشا وشنو بھٹ نامی ایک80سالہ بوڑھی اور بیمار ماں اپنے شرابی بیٹے کی لاش کے ساتھ چار دنوں تک بیٹھی رہی۔ وہ اس حد تک لاچار تھی کہ اپنی جگہ سے اٹھ کر باہر جانا اور آس پاس کے لوگوں کو اپنے بیٹے ونئے بھٹ(۴۵سال) کی موت کے بارے میں بتانا بھی اس سے ممکن نہیں تھا۔ آس پاس کے لوگ یہی سمجھتے رہے کہ ماں اور بیٹا اپنے رشتے داروں سے ملنے کے لئے شہر سے باہر گئے ہوں گے۔

 یہ معاملہ اس وقت روشنی میں آیا جب قریب میں واقع اسکول کے طلبہ نے اپنے ٹیچر سے شکایت کی کہ آشا کے گھر سے بہت بدبورہی ہے۔ ٹیچر نے اس بات کی اطلاع پولیس کودی۔ جب پولیس آشاکے گھر کے قریب پہنچی تو بدبعاس قدر زیادہ تھی کہ باہر سے ہی پولیس نے اندازہ لگایا کہ شاید ماں اور بیٹے دونوں کی موت ہوگئی ہوگی۔ لیکن جب وہ لوگ پچھلا دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے تو دیکھا کہ ونئے بھٹ مردہ پڑا ہے اور اس کی سڑتی گلتی لاش کے پاس اس کی بوڑھی ماں بیٹھی ہوئی ہے۔ جب پولیس نے اسے لاش کے قریب سے ہٹا تے ہوئے اپنے ساتھ باہرنکل کر اسپتال چلنے کو کہا تو وہ یہی کہتی رہی کہ و ہ اپنے بیٹے کے قریب ہی رہنا چاہتی ہے۔ماں کی ممتا کا یہ رنگ دیکھ کربشمول مقامی پولیس کے وہاں موجود افراد کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔

 ونئے بھٹ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ و ہ حد سے زیادہ شراب پینے کا عادی تھا اور چار سال قبل اس کی بیوی اسے چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ جبکہ چار سال قبل ہی اس کا بڑا بھائی امریکہ میں فوت ہوگیا تھا۔ تب سے ماں اور بیٹا تنہا اس گھر میں رہا کرتے تھے۔اور ونئے اکیلا ہی اپنی ماں کی ذمہ داری سنبھال رہاتھا۔
 


Share: